ہیٹ اسٹروک کیا ہے اور اس سے کیسے بچا جائے؟
ان دنوں پاکستان شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے۔ دھوپ میں شدت، ہوا کی بندش، اور درجہ حرارت 45 ڈگری یا اس سے زیادہ تک جا پہنچا ہے۔ ایسے موسم میں ہیٹ ویو کے ساتھ ساتھ ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ ہیٹ اسٹروک عام طور پر انسان کو سخت گرمیوں کے موسم میں گرم ہواؤں کے چلنے اور سورج کی تپش کی وجہ سے ہوتا ہے۔
جب گرمی کی شدت اپنے عروج پر ہو تو یہ صورت حال ایک سنگین طبی مسئلہ بن جاتا ہے، جو بروقت علاج نہ کرنے کی صورت میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
اس پوسٹ میں ہم جانیں گے کہ ہیٹ اسٹروک کیا ہوتا ہے، اس کی علامات کیا ہیں، اور اس سے بچنے کے لیے کون سی احتیاطی تدابیر اور فوری اقدامات ضروری ہیں۔
ہیٹ اسٹروک کیا ہے؟
ہیٹ ویو ایک ایسی موسمی حالت ہوتی ہے جس میں کئی دن تک مسلسل غیرمعمولی گرمی پڑتی ہے۔ شدیدگرمی کے مہینوں میں تیز دھوپ، ہوا کی بندش، اوربڑھتے ہوئے درجہ حرارت میں ہیٹ ویو کا سب سے زیادہ خطرہ ہوتاہے۔
ان دنوں پاکستان بھر میں شدید گرمی کا راج ہے۔ تیز دھوپ، ہوا کی بندش، اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ باعثِ تشویش بن چکا ہے۔ ایسے حالات میں ہیٹ ویو کے باعث ہیٹ اسٹروک کے کیسز بڑھنے کابھی خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
ہیٹ اسٹروک ایسی تشویش ناک حالت ہے جس میں انسانی جسم کا درجہ حرارت 104 فارن ہائیٹ (40 ڈگری سیلسیس) یا اس سے زیادہ ہو جاتا ہے، اور جسم کا کولنگ سسٹم — یعنی پسینہ آنا — بند ہو جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے جسم اندرونی طور پر تیزی سے گرم ہونے لگتا ہے، جو دماغ، دل، گردے اور دیگر عضلات کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
یہ عموماً گرمی میں زیادہ وقت گزارنے، پانی کی کمی، سخت مشقت کرنے یا سورج کی براہ راست روشنی میں کام کرنے ، یا گھومنے پھرنے اورہوا کی ناکافی دستیابی کی وجہ سے ہوتا ہے۔ہیٹ اسٹروک ایک ہنگامی طبی صورتحال ہے، جو بروقت احتیاط اور علاج نہ ہونے کی صورت میں جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔
اس لیے اس سے متاثر ہونے والے افراد کو فوراً ہسپتال لے جانا سب سے اہم ہوتا ہے کیونکہ اگر اس کا علاج بر وقت نہ کیا جائے تو اس سے سنگین پیچیدگیاں یا موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
ہیٹ اسٹروک کے اہم اسباب:
1. شدید دھوپ یا گرمی میں زیادہ وقت گزارنا:
زیادہ دیر تک براہِ راست سورج کی تپش میں رہنے سے جسم کا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔
2. شدید جسمانی مشقت کرنا (خاص طور پر دھوپ میں):
مزدور، کسان، ٹریفک پولیس یا کھلے میدان میں کام کرنے والے افراد اگر مناسب وقفہ اور پانی نہ لیں تو ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
3. ڈی ہائیڈریشن یاپانی کی کمی (Dehydration):
کافی پانی نہ پینے سے جسم پسینے کے ذریعے ٹھنڈا نہیں ہو پاتا، جس سے اندرونی حرارت بڑھ جاتی ہے۔
4. نامناسب لباس:
گہرے یا موٹے کپڑے گرمی کو جذب کرتے ہیں اور جسم کو ٹھنڈا نہیں ہونے دیتے، جس سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
5. عمر یا جسمانی کمزوری:
بچے، بزرگ، اور بیمار افراد چونکہ جسم کا درجہ حرارت بہتر طریقے سے کنٹرول نہیں کر پاتے، اس لیے وہ جلد ہی متاثر ہو سکتے ہیں۔
6. بند یا غیر ہوادار جگہ میں رہنا:
اگر کوئی شخص گرم اور بند کمرے یا گاڑی میں وقت گزارے (مثلاً پارک شدہ گاڑی میں بیٹھنا)، تو جسم کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔
7. بعض ادویات کا استعمال:
کچھ دوائیں (مثلاً ڈائیوریٹکس، اینٹی ڈپریسنٹس، یا بلڈ پریشر کی دوا) جسم میں پانی کی کمی یا پسینہ آنے کے نظام کو متاثر کرتی ہیں۔
8. ایکسیرسائز یا کھیلوں کی سرگرمیاں دھوپ میں کرنا:
گرمی کے موسم میں کھیل، دوڑ یا ورزش کرتے وقت جسمانی حرارت بڑھ سکتی ہے، خاص طور پر جب پانی نہ پیا جائے۔
ہیٹ اسٹروک کی ابتدائی علامات:
ہیٹ اسٹروک خون کے بہاؤ میں کمی اور اہم اعضاء کو نقصان پہنچاتا ہے۔ جسم کا درجہ حرارت۔ 104 ڈگری فارن ہائیٹ (40 ڈگری سیلسیس) یا اس سے زیادہ جسمانی درجہ حرارت ہیٹ اسٹروک کی اہم علامت ہے۔
ایسی علامات والے کسی بھی فرد کے لیے فوری طبی امداد حاصل کریں۔
اس کے علاوہ بھی ہیٹ اسٹروک کی متعدد ابتدائی علامات ہوسکتی ہیں جو درج ذیل:
- شدید سر درد
- چکر آنا یا بیہوشی
- دھندلا نظر آنا
- تیز سانسیں اور دل کی دھڑکن
- جسم سے پسینے کا رک جانا (خشک جلد)
- جلد کا سرخ، گرم اور خشک ہو جانا
- متلی یا الٹی
- ذہنی الجھن، بے ہوشی، یا دورہ پڑنا
- جسم میں پانی کی کمی
- پیشاب کا رنگ گہرا ہونا
- گرم و خشک موسم
- گرم موسم میں سخت مشقت یا ورزش
- دھوپ میں براہ راست بہت زیادہ گھومنا
- گھر سے باہر کام یا آؤٹ ڈور ورکنگ
اگر ان علامات میں سے کوئی بھی ظاہر ہو، تو فوری طبی امداد لینا نہایت ضروری ہے۔
ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر:
1۔ خود کو ہائیڈریٹ رکھیں اورغذا کا خیال رکھیں :
1.1 روزانہ زیادہ سے زیادہ سیال پیئیں:
- شدید گرمی کے موسم میں پانی کی کمی سے بچنے کے لیے، عام طور پر روزانہ زیادہ سے زیادہ سیال پیئیں، چاہے پیاس نہ بھی لگی ہو۔
- گرم ماحول میں بھرپور سرگرمی میں مشغول نہ ہوں ۔
- گرمی کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی کے ساتھ نمکیات کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔
- انتہائی گرمی اور نمی کے دوران پینےکے لیے الیکٹرولائٹس سے بھرپور گھر پہ بنے ہوئے پھلوں کے خالص مشروبات ،لیموں پانی، نمکول ، نمک و شکر والا پانی ، دودھ ، دہی ، لسی ستو ، سموتھیز اور سلاد کا استعمال زیادہ کریں ۔
- اس موسم میں صرف زیادہ پانی پینا کافی نہیں ہوتا، کیونکہ زیادہ پانی الیکٹرولائٹس کو پتلا کر دیتا ہے خاص طور پر شدید پسینہ آنے کے بعد ، لہٰذا اس میں نمک اور شکر کا توازن برقرار رکھنا لازمی ہے۔
- کولا، کیفین والے مشروبات (چائے، کافی) اور الکحل پانی کی کمی کو بڑھاتے ہیں، ان سے گریز کریں۔
1.2 گرم موسم میں ہلکی پھلکی غذاؤں کا استعمال:
- گرم موسم میں ہلکی پھلکی غذاؤں کا استعمال کریں خاص طور پر تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال زیادہ کریں۔
- ایسے پھل اور سبزیاں زیادہ کھائیں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو جیسا کہ تربوز، خربوزہ، آم، ٹماٹر ، کھیرا، تربوز، خربوزہ، انار اور کیلے کا مزہ لیں، جو نظام ہاضمہ کو بہتر کرنے کے ساتھ جسم میں پانی اور نمکیات کو برقرار رکھنے میں مددگار ہوں۔
- گرمی کے موسم میں خاص طور پر بازاری مشروبات اور کٹے ہوئے پھلوں سے گریز کریں، اگرزیادہ مجبوری ہو تو ایسی جگہ سے کھائیں. اور پیئں جہاں صفائی کا بہت خیال رکھا جاتا ہو۔
اگر علامات شدید ہوں (مثلاً چکر، قے، بے ہوشی) تو صرف گھر کے نسخوں پر انحصار نہ کریں بلکہ فوری ایمبولینس بلائیں یا ہسپتال کا رخ کریں۔
2۔ دھوپ سے بچیں:
- انتہائی سخت گرمی اور دھوپ میں زیادہ دیر تک مشقت والا کام کرنے سے گریز کریں۔
- دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر گھر سے باہر دھوپ میں نکلنے کی زحمت نہ کریں۔
- گھر سے باہر نکلتے ہوئے چھتری، ٹوپی، یا سر پر ہلکا گیلا کپڑا رکھیں اور پانی کی بوتل ہمیشہ اپنے پاس رکھیں۔
- باہر جانے سے پہلے آنکھوں اور جلد کے حفاظتی اقدامات ضرور کریں جیسا کہ دھوپ کے چشمے اور سن اسکرین یا سن بلاک کا استعمال لازمی کریں اور اپنے آپ کو سنبرن سے بچائیں،کیونکہ تیز دھوپ جلد کو جھلسا دیتی ہے اورآنکھوں کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔
- بچوں یا کسی بھی شخص کو گاڑی میں 5 سے 10 منٹ سے زیادہ تک نہ چھوڑیں۔
- طبیعت بگڑنے پر فوری ایمبولینس بلائیں یا ہسپتال پہنچیں دیر نہ کریں۔
3۔ ہلکے اور کھلے کپڑے پہنیں:
- ڈھیلا ڈھالا، ہلکا پھلکا، ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں جو پسینہ جذب کریں اور جسم کو ٹھنڈا رکھیں تاکہ جسم کو ہوا لگ سکے اور گرمی جذب نہ ہو ۔
- گہرے رنگ جیسے کہ سیاہ رنگ کے کپڑوں اور موٹے کپڑوں سے اجتناب کریں۔
4۔ ٹھنڈی جگہ پر رہیں:
- گھر کو ہوادار اور ٹھنڈا رکھنے کے انتظامات کریں۔
- زیادہ گرمی ہونے کی صورت میں ٹھنڈے پانی سے نہائیں اور غیر ضروری باہر جانے سے احتیاط کریں۔
- جہاں تک ممکن ہو، پنکھے، ایئر کنڈیشنر یا ایئر کولر والے مقامات پر وقت گزاریں۔
5۔ باہر کام کرنے والوں کے لیے احتیاط:
- اگر آپ مزدور، ٹریفک پولیس یا کھیت میں کام کرنے والے ہیں، تو ہر گھنٹے بعد سائے میں آرام کریں، ٹھنڈا پانی اور مشروبات کثرت سے پئیں ،پانی کی کمی کو روکیں اور سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔
- اگر آپ کو ہیٹ اسٹروک کا زیادہ خطرہ ہے تو، تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ قریبی طبی خدمات موجود ہوں۔
ہیٹ اسٹروک ہونےکی صورت میں فوری اقدامات:
مریض کو سایہ دار اور ٹھنڈےفرش پر لٹا دیں اوراسکے پیر کسی اونچی چیز پر رکھ دیں (تاکہ دل کی جانب خون کا بہاؤ بڑھ جائے اور شاک کی روک تھام ہوسکے)۔مریض کے کپڑے ٹائٹ ہوں تو ان کو ڈھیلا کردیں۔
- پیڈسٹل پنکھے کا رخ مریض کی جانب کردیں تاہم بجلی نہ ہو تو اخبار یا دستی پنکھے سے خود مریض کو ہوا دیں۔
- مریض کو فوراً سائے یا ٹھنڈی جگہ پر منتقل کریں اور ٹھنڈا پانی پلائیں ۔
- کپڑے ڈھیلے کریں اور ٹھنڈے پانی سے جسم کو صاف کریں۔
- مریض کے ماتھے، گردن، بغلوں اور پنڈلیوں پر برف یا ٹھنڈی پٹیاں رکھیں ۔
- اگر ہوش میں ہو تو ٹھنڈاپانی پلائیں اگر ہو سکے تو او آر ایس یا نمکول پلائیں ۔
- فوری طور پر ایمبولینس یا ڈاکٹر کو بلائیں۔
- مریض کے ارد گرد ہجوم سے گریز کریں، ایک شخص مریض کے پاس آ سکتا ہے۔
- مریض کے حواس بحال رکھنے کی کوشش کریں ۔
مریض کوغنودگی یا بےہوشی کی حالت میں نہ جانے دیں اور فوراًایمبولینس بلائیں یا متاثرہ شخص کو خود ہسپتال لے جائیں (طبی امداد میں تاخیر جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے)۔
نوٹ:
یاد رکھیں: احتیاط علاج سے بہتر ہے!
ہیٹ اسٹروک ایک ایمرجنسی ہے، مگر تھوڑی سی احتیاط سے اس سے بچا جا سکتا ہے۔ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی آگاہ کریں۔
آپ بھی اس معلومات کو شیئر کریں تاکہ کسی کی جان بچ سکے۔
خلاصہ:
یہ پوسٹ ہیٹ اسٹروک کے بارے میں ایک جامع رہنمائی فراہم کرتی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ہیٹ اسٹروک کیا ہوتا ہے، اس کی خطرناک علامات کیا ہیں، اور اس سے بچنے کے لیے کون سی احتیاطی تدابیر ضروری ہیں۔ پوسٹ میں فوری طبی امداد کے نکات بھی شامل ہیں تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت اقدام کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں!
گرمیوں کا بہترین پھل خربوزہ کھانے کے 20 حیرت انگیز فوائد
کیا آپ جانتے ہیں کہ زیادہ پانی پینا صحت کے لیے کتنا ضروری ہے؟
قبض اور گیس کے مسائل، علامات، وجوہات اور بچاؤ کی 10غذائی تجاویز
آپ کی رائے:
گرمی کی شدت سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھیں!
اس معلوماتی پوسٹ کو دوستوں، خاندان اور ساتھیوں کے ساتھ ضرور شیئر کریں تاکہ سب کو ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی آگاہی ہو۔
آگاہی پھیلائیں، جان بچائیں!
حوالہ جات:
Mayo Clinic: Heat Stroke
Cleveland Clinic: Heatstroke
WebMD: Heat Illness Overview
World Health Organization (WHO): Public health advice on preventing heat-related illness
0 تبصرے
خوش آمدید! آپ کی رائے ہمارے لیے قیمتی ہے۔ براہ کرم اپنی بات ادب و احترام سے شیئر کریں، کیونکہ صحت مند گفتگو ہی صحت مند زندگی کا آغاز ہے۔ شکریہ